فلپائن میں پاکستان کا ڈنکا! مسباح ارشاد نے ’مس یونیورس پاکستان 2026‘ کا تاج جیت لیا
مسباح ارشاد نے ’مس یونیورس پاکستان 2026‘ کا تاج اپنے نام کر لیا
فلپائن میں منعقد ہونے والی ایک شاندار تقریب میں مسباح ارشاد نے ’مس یونیورس پاکستان 2026‘ کا ٹائٹل جیت لیا۔ اس کامیابی کے بعد وہ آئندہ عالمی مس یونیورس مقابلے میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والی چوتھی پاکستانی خاتون بن جائیں گی۔
تقریب کے دوران ’مس یونیورس پاکستان‘ فرنچائز کے مالک جوش یوگن نے مسباح ارشاد کو آفیشل سیش پہنایا، جبکہ سابقہ فاتح روما ریاض نے ان کے سر پر فاتح کا تاج سجایا۔
آخری سوال کا منفرد جواب
فائنل سوال و جواب کے مرحلے میں مسباح ارشاد نے اپنے پُراعتماد اور معنی خیز جواب سے ججز کو متاثر کیا۔ نفسیات کی طالبہ مسباح سے فلپائنی اداکار اور گلوکار بیلی مے نے ایک دلچسپ سوال کیا۔
ان سے پوچھا گیا کہ اگر ان کی 10 سالہ اور 80 سالہ شخصیت ایک ہی کمرے میں آمنے سامنے ہوں تو ان دونوں میں سے کون سا روپ زیادہ مشکل سوال کرے گا؟
مسباح نے جواب دیا کہ ان کی 10 سالہ شخصیت سب سے مشکل سوال کرے گی، کیونکہ وہ جاننا چاہے گی کہ مستقبل میں اس کی زندگی کس طرح گزری۔
انہوں نے اپنی زندگی کے تجربات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہیں کئی مرتبہ ناکامیوں کا سامنا کرنا پڑا، لیکن ہر بار انہوں نے خود کو سنبھالا اور دوبارہ آگے بڑھنے کی کوشش کی۔
مسباح کے مطابق، زندگی میں مشکلات اور ناکامیاں ایک فطری عمل ہیں اور انسان کو انہیں صرف برداشت نہیں کرنا چاہیے بلکہ ان تجربات سے سیکھنا بھی چاہیے۔ انہوں نے اس کیفیت کو سونے کے خالص ہونے سے تشبیہ دیتے ہوئے کہا کہ جتنی زیادہ آگ کی تپش ہو، سونا اتنا ہی زیادہ خالص ہوتا ہے۔
عالمی مقابلوں کا پہلے سے تجربہ
مسباح ارشاد کے لیے بین الاقوامی حسن مقابلوں میں شرکت کوئی نئی بات نہیں۔ وہ اس سے قبل بھی پاکستان کی نمائندگی کر چکی ہیں۔
2023 میں انہوں نے جاپان میں ہونے والے ’مس انٹرنیشنل 2023‘ میں پاکستان کی نمائندگی کی، جبکہ 2024 میں پولینڈ میں منعقد ہونے والے ’مس سپرا نیشنل 2024‘ میں بھی وہ پاکستانی امیدوار کے طور پر شریک ہوئیں۔
اپنے اس سفر کے بارے میں مسباح کا کہنا ہے کہ کامیابی یا ناکامی کسی شخص کی اصل قدر کا فیصلہ نہیں کرتی۔ ان کے نزدیک سب سے اہم چیز امید کو برقرار رکھنا اور ہر تجربے کے بعد خود کو پہلے سے بہتر بنانا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ تاج جیتنا یقیناً ایک بڑی کامیابی ہے، لیکن اس سفر کے دوران حاصل ہونے والا تجربہ، سیکھے گئے اسباق اور لوگوں کے ساتھ بننے والے تعلقات ان کے لیے اس سے بھی زیادہ قیمتی ہیں۔
پورٹو ریکو میں پاکستان کی نمائندگی کریں گی
مسباح ارشاد اب پورٹو ریکو میں ہونے والے 75ویں مس یونیورس کے مرکزی مقابلے میں پاکستان کی نمائندگی کریں گی۔ اس مقابلے میں دنیا بھر سے حسینائیں شرکت کریں گی اور مسباح پہلی بار اس عالمی پلیٹ فارم پر پاکستان کے لیے مقابلہ کرتی نظر آئیں گی۔
واضح رہے کہ ’مس یونیورس پاکستان‘ فرنچائز کا آغاز 2023 میں ہوا تھا۔ اسی سال ایریکا رابن پاکستان کی پہلی نمائندہ بن کر تاریخ رقم کرنے میں کامیاب ہوئیں۔ ایل سلواڈور میں ہونے والے عالمی مقابلے میں انہوں نے ٹاپ 20 میں جگہ بنائی۔
اس کے بعد 2024 میں میکسیکو میں ہونے والے مقابلے میں نور زرمینہ نے پاکستان کی نمائندگی کی، جبکہ 2025 میں روما ریاض پاکستانی امیدوار کے طور پر عالمی مقابلے میں شریک ہوئیں۔
بعد ازاں روما ریاض نے ’مس یونیورس پاکستان‘ فرنچائز کی نیشنل ڈائریکٹر کی ذمہ داری سنبھال لی اور نئے امیدواروں کی تربیت اور تیاری کے عمل میں اپنا کردار ادا کرنا شروع کیا۔
اب مسباح ارشاد اس سلسلے کو آگے بڑھاتے ہوئے عالمی مس یونیورس کے اسٹیج پر پاکستان کی نمائندگی کرنے کے لیے تیار ہیں۔



